نئی دہلی،29 ؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ مغربی بنگال کے مدناپور میں ایک ریلی سے خطاب کیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر اپنے انداز میں ٹی ایم سی رہنما ممتا بنرجی پر جم کر حملہ بولا ہے۔بی جے پی صدر امت شاہ نے کہا کہ بنگال میں جمہوریت نہیں ہے۔ہم نہیں چاہتے تھے کہ آپ کو یہاں آنا پڑے۔ہم آپ کے پاس آنا چاہتے تھے۔بی جے پی کے کارکن رتھ لے کر آپ کے پاس آنا چاہتے تھے، لیکن ہمیں آنے نہیں دیا گیا۔لیکن میں ممتا بنرجی کو کہنا چاہتا ہوں کہ کان کھول کر سن لو۔ہمیں چاہے جتنا روکنا چاہوگی ہم رکنے والے نہیں ہیں۔بی جے پی کے کارکن گھر گھر جا کر کمل کا پیغام دیں گے۔ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں۔بی جے پی بنگال میں جمہوریت قائم کرنے کے بعد ہی دم لے گی۔آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ دنوں بھی امت شاہ نے ٹی ایم سی سمیت تمام جماعتوں پر نشانہ لگایا تھا۔بی جے پی صدر نے کہا کہ بریگیڈ پریڈ میدان میں ہوئی ریلی میں شامل ہوئے 23 رہنماؤں میں سے نو لیڈر وزیر اعظم کے عہدے کے ممکنہ امیدوار ہیں۔اپوزیشن کی بڑی ریلی کے تین دن بعد شاہ نے کہاکہ لیکن ہمارے پاس وزیر اعظم کے عہدے کا ایک ہی امیدوار ہے اور وہ ہیں نریندر مودی۔تاہم، شاہ نے اپوزیشن کے کسی لیڈر کا نام نہیں لیا۔